بلند شہر ، 22/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) اتر پردیش کے بلند شہر کے سکندر آباد علاقے کی آشا پوری کالونی میں ایک آکسیجن گیس سلنڈر کے دھماکے سے شدید حادثہ پیش آیا۔ دھماکے کی شدت سے دو منزلہ عمارت مکمل طور پر زمیں بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں شوہر، بیوی سمیت 6 افراد، جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں، جاں بحق ہوگئے۔ اس حادثے میں 10 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر نجی اور سرکاری اسپتالوں میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔ راحت و بچاؤ ٹیموں نے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے بھرپور کوشش کی، اور یہ کارروائی رات دیر تک جاری رہی۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو امدادی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی اور مہلوکین کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔
پولیس کے مطابق سکندر آباد کے ریاض الدین عرف راجو کی اہلیہ 55 سالہ رخسار پیر کو اسپتال سے ڈسچارج ہو کر گھر پہنچی تھی۔ رخسار کو سانس لینے میں دقت ہونے پر آکسیجن سلنڈر گھر میں لایا گیا تھا۔ سلنڈر لگاتے وقت اچانک پھٹ گیا۔ تیز آواز کے ساتھ سلنڈر پھٹا تو مکان گر گیا۔ ملبہ میں ریاض الدین، رخسار، بیٹے شاہ رخ، آس محمد، سونا و سلمان اور ماں کو دیکھنے آئی بیٹی تمنا بھی دب گئی۔ اس کے ساتھ ہی 10 بچے بھی ملبے میں دب گئے۔ حادثہ ہوتے ہی چیخ و پکار مچ گئی۔
ڈی ایم چندر پرکاش سنگھ کا کہنا ہے کہ مکان میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے حادثہ ہوا ہے۔ اس میں پورا مکان منہدم ہو گیا۔ پولیس، میڈیکل، فائر بریگیڈ، میونسپل کارپوریشن کے افسران و ملازمین راحت و بچاؤ کام میں لگے ہیں۔ کنبہ کے 18 سے 19 لوگ اس مکان میں رہتے تھے۔ 10 لوگوں کو زخمی حالت میں بحفاظت ملبہ سے نکال لیا گیا۔
چیف فائر بریگیڈ افسر پرمود شرما نے جانکاری دی کہ آکسیجن سلنڈر کو گیسولین، ایروسول اسپرے اور بجلی کے آلات سے دور رکھنا چاہیے۔ جہاں پر آکسیجن سلنڈر رکھا ہو وہاں پر کسی طرح کا آتش گیر مادہ نہیں ہونا چاہیے۔ کئی بار سلنڈر کا نوزل کھلنے یا لوج ہونے کی وجہ سے بھی حادثہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکندر آباد میں ہوئے حادثہ کے بارے میں ابھی واضح طور پر نہیں کہا جاسکتا، لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مریض کو سلنڈر لگاتے وقت اس کا نوزل کھل گیا ہوگا اور پریشر سیدھا چھت سے ٹکرانے سے مکان منہدم ہو گیا۔ حادثہ کی اصل وجہ جانچ کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔